۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی

حوزہ/ امام جمعہ نیویارک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یونائیٹڈ نیشن اور انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس از خود نائیجیریا، سعودی عرب، پاکستان، عرب امارات اور بحرین میں شیعہ جینسائیڈ ، جبری اغوا اور گرفتاریوں کا نوٹس لے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی، مدیر حوزہ علمیہ المہدی امریکہ و امام  جمعہ نیویارک نے ایک بیان میں سعودی عرب میں شیعیان علی علیہ السلام کے خلاف مظالم آل سعود کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلم کھلا مخالفت قرار دیا۔

علامہ موصوف نے کہا شیخ حسین نمر فرزند آیت اللہ باقر نمر کا اغوا اسکی بین دلیل ہے۔ سعودی عرب میں  پہلے ہی بیسیوں علماء نظربند کیے جا چکے ہیں اور بیسیوں قربان گاہ کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ نائیجیریا میں آیت اللہ زکزکی کی جبری نظربندی کو بھی بین الاقوامی سطح پر چیلنج کرنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے اور مِسنگ پرسنز کو ہنوز بازیاب نہیں کرایا گیا انہوں نے کہا ایسے لگتا ہے اہل تشیع کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ایک معاندانہ تحریک چل رہی ہے جسے رکوانے کی ہر چند کوشش کی جائیگی۔ سعودی عرب اور عرب ریاستیں اسرائیل سے دست رفاقت بڑھا رہی ہیں اور اہل تشیع کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے بحرین میں شیعہ کشی زوروں پر ہے۔

امام جمعہ نیویارک نے کہا کہ شیعیان علی علیہ السلام کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ یونائیٹڈ نیشن اور کورٹ آف جسٹس از خود نائیجیریا، سعودی عرب، پاکستان، عرب امارات اور بحرین میں شیعہ جینسائیڈ( قتل عام) اور جبری اغوا و گرفتاریوں کا نوٹس لے۔

آخر میں کہا جلد امریکہ کے شیعیان علی علیہ السلام یونائیٹڈ نیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .